گوجرہ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شہروں کی بیوٹیفیکیشن اور شہری سہولیات کی بہتری کے ویژن پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر نگرانی مختلف ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تحصیل گوجرہ میں اہم شاہراہوں اور مرکزی چوکوں پر جدید سائن بورڈز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد شہریوں اور مسافروں کو بہتر رہنمائی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان سائن بورڈز کے ذریعے مختلف مقامات، سرکاری دفاتر اور اہم راستوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بیوٹیفیکیشن منصوبے کے تحت مرحلہ وار دیگر علاقوں میں بھی سائن بورڈز کی تنصیب، صفائی کے انتظامات اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام کام مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
