گوجرہ : انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں تیسری چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل میچ شاندار انداز میں منعقد ہوا۔ فائنل میچ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ ریاض گجر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض گجر نے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے منعقدہ اس ایونٹ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقینِ ہاکی کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جبکہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔ انتظامیہ کی جانب سے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بھی مکمل کیے گئے تھے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے کامیاب ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور مستقبل میں ایسے مزید کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
