پاکستان تحریک انصاف کی قیادت، منتخب نمائندگان اور کارکنان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاج کیا، جس میں مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
احتجاج میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اسد زمان چیمہ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین قریشی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت، پارلیمنٹیرینز اور بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔
مظاہرین نے عمران خان کی مبینہ طور پر بغیر اطلاع منتقلی، خفیہ آپریشن اور حقائق چھپانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات آئین و قانون کے منافی ہیں اور عوام کو اندھیرے میں رکھنے کے مترادف ہیں۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک ہی مطالبہ دوٹوک انداز میں پیش کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ پرامن احتجاج کا حق استعمال کرتے رہیں گے۔
