گوجرہ : پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے تحصیل گوجرہ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد زمین کے ریکارڈ کو جدید، شفاف اور ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنا ہے تاکہ شہریوں کو ملکیتی تنازعات اور پیچیدہ قانونی کارروائیوں سے نجات مل سکے۔
ابتدائی مرحلے میں وہ مالکانِ اراضی درخواست جمع کروانے کے اہل ہوں گے جنہوں نے بذریعہ تقسیم اپنا ونڈا یا کھیوٹ علیحدہ کروا لیا ہو اور جن کی زمین بلا بار (بغیر کسی قانونی رکاوٹ) ہو۔ متعلقہ حکام کے مطابق یہ اقدام پراپرٹی کے لین دین کو آسان بنانے اور عوام کو بینکنگ سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ کے نمایاں فوائد میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں ایک ہی سرٹیفیکیٹ، نادرا سسٹم کے ساتھ مربوط ڈیٹا، جدید ڈیجیٹل نقشہ سے منسلک ملکیتی ریکارڈ، کم شرح سود پر بینک قرضوں کے حصول میں معاونت، الیکٹرانک رجسٹری کی سہولت اور پراپرٹی ریکارڈ میں شفافیت کی ضمانت شامل ہیں۔
سرٹیفیکیٹ کے حصول کا طریقہ کار نہایت سادہ رکھا گیا ہے، جس کے تحت درخواست گزار کو اراضی ریکارڈ سنٹر گوجرہ میں درخواست جمع کروانا ہو گی۔ اس کے بعد کوائف کی جانچ، سروے مکمل ہونے پر گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ منصوبے کے آغاز کے موقع پر گرین پراپرٹی سرٹیفیکیٹ کی فیس صرف 950 روپے مقرر کی گئی ہے، جو آئندہ کچھ عرصہ میں بڑھ کر 25 ہزار روپے تک ہو سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے بروقت فائدہ اٹھائیں۔

