یونیورسٹی آف کمالیہ اور تھل یونیورسٹی بھکر کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 

University of Kamalia and Thal University Bhakkar sign MoU to promote academic and research cooperation

کمالیہ :یونیورسٹی آف کمالیہ، پاکستان اور تھل یونیورسٹی بھکر، پاکستان کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ 21 جنوری 2026 کو یونیورسٹی آف کمالیہ میں منعقدہ تقریب کے دوران طے پایا، جس کا مقصد دونوں جامعات کے مابین اکیڈمک لنکیجز اور ریسرچ اشتراک کو مضبوط بنانا ہے۔


اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے تعلیم، جدید تحقیق، ریسرچ گرانٹس، اکیڈمک و انڈسٹری لنکیجز اور ریسرچ کمرشلائزیشن کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔ معاہدے کے مطابق انڈسٹری اور مارکیٹ بیسڈ ریسرچ کے ذریعے نصاب کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی ہدایات کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کی جا سکے۔


مزید برآں، دونوں جامعات مشترکہ طور پر کانفرنسز، سیمینارز، ورکشاپس، ویبینارز اور ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کریں گی۔ فیکلٹی ممبران اور طلبہ کے لیے ایکسچینج پروگرامز، انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے مسائل پر تحقیق اور ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔


اس معاہدے پر یونیورسٹی آف کمالیہ کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب جبکہ تھل یونیورسٹی بھکر کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد نے دستخط کیے۔


یونیورسٹی انتظامیہ نے اس شراکت داری کو دونوں اداروں کے لیے ایک مثبت اور مستقبل بَین قدم قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور تحقیقی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گی۔

اشتہار