ممبر قومی اسمبلی اسامہ حمزہ کا وزیراعظم کی بورڈ آف پیس میں شمولیت پر شدید ردعمل

 

Israel is a dagger stabbed into the heart of the Muslim Ummah, National Assembly Member Osama Hamza strongly reacts to Prime Minister’s participation in the Board of Peace


اسلام آباد:ممبر قومی اسمبلی اسامہ حمزہ نے وزیراعظم کی جانب سے متنازعہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل مسلم امہ کے دل میں گھونپا گیا خنجر ہے اور اس سے کسی بھی سطح پر تعلقات یا تعاون ناقابلِ قبول ہیں۔


اپنے ایک بیان میں اسامہ حمزہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی تاریخ مظلوم فلسطینی عوام پر ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھری پڑی ہے، ایسے میں کسی بھی پاکستانی حکمران کا اسرائیل سے منسلک کسی فورم یا پلیٹ فارم کا حصہ بننا قوم کے جذبات کے سراسر منافی ہے۔


انہوں نے وزیراعظم کو ’’ناجائز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران ٹولہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے اور اس کے فیصلے نہ صرف ملکی خودمختاری بلکہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مؤقف کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔


اسامہ حمزہ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم فوری طور پر بورڈ آف پیس میں شمولیت سے دستبردار ہوں اور قوم کو اس حوالے سے شفاف وضاحت دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور بالخصوص مسلمان اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔


آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا قیام نظریاتی بنیادوں پر ہوا تھا اور فلسطین کاز کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اٹوٹ حصہ رہے گی، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔



اشتہار