ٹوبہ ٹیک سنگھ : شورکوٹ روڈ پر چک نمبر 312 گ ب کے قریب بارات کی گاڑی ٹائر پھٹنے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بارات فیصل آباد سے شورکوٹ کینٹ کے قریب واقع ایک گاؤں کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک دولہا کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو بھی ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں دولہا اور دیگر سوار افراد محفوظ رہے۔ بعد ازاں بارات کو دوسری گاڑی کے ذریعے منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

