مالیہ:یونیورسٹی آف کمالیہ میں “پچ ٹیک فیسٹ” کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام بزنس انکیوبیشن سینٹر (BIC) نے ایس ڈیجیٹل ہب (S Digital Hub) کے اشتراک سے کیا۔ یہ تقریب اس لحاظ سے تاریخی ثابت ہوئی کہ پہلی مرتبہ یونیورسٹی کے پہلے سمسٹر کے طلبہ نے بزنس پچنگ میں حصہ لے کر اسٹارٹ اپ فنڈنگ حاصل کی۔
یہ ایونٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم رانا سکندر حیات کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو کاروبار، جدت اور ہنر پر مبنی روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ تھے، جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ ڈاکٹر یاسر نواب بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ دونوں معزز شخصیات نے پہلے سمسٹر کے طلبہ کی جانب سے کاروباری منصوبے پیش کرنے کے اقدام کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر یاسر نواب اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ دنیا کی کئی بڑی اور کامیاب کمپنیاں یونیورسٹی کے طلبہ نے ہی قائم کیں، اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت، تخلیقی اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے نوجوان کاروباری منصوبوں کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
تقریب کے دوران آٹھ طلبہ کے اسٹارٹ اپس کو باضابطہ طور پر منتخب کیا گیا، جنہیں اسپانسرشپ اور سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی۔ منتخب ہونے والوں میں میاں سرمد اقبال اور ان کی ٹیم بھی شامل تھی، جنہیں کامیابی پر چوہدری فیض گجر نے مبارکباد پیش کی۔
چوہدری فیض گجر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایک نہایت قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے نوجوانوں میں کاروباری سوچ پروان چڑھے گی اور بزنس پچنگ کے ذریعے کاروبار شروع کرنے کا رجحان مزید فروغ پائے گا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ نوجوانوں کو کاروبار، ہنر اور صنعت سے جوڑا جا سکے، جو صوبائی اور قومی ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہوں۔
