ٹوبہ ٹیک سنگھ : جھنگ روڈ پر چک نمبر 389 کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں جھنگ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ آنے والی ایک کار سڑک کنارے کھڑی گنے سے لدی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار پانچ افراد میں سے تین شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی شناخت عبدالغفور ولد مراد خان (عمر 45 سال)، ان کی اہلیہ ندا مبین (عمر 30 سال) اور دو سالہ بچی منتہا دختر عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق گنے سے لدی ٹرالی سڑک کنارے بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے کھڑی تھی، جبکہ حادثے کے فوراً بعد ٹرالی کا ٹریکٹر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے
