گوجرہ:اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر کی زیر صدارت ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ہیلتھ کونسل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ، ہیلتھ کوآرڈینیٹر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوجرہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوجرہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کی صورتحال، مریضوں کے لیے سہولیات، عملے کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر کے علاوہ جاری ترقیاتی و مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نے مریضوں کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے، صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
