ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی زیرِ تعمیر ضلعی فرانزک لیب کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ اس فرانزک لیب کے قیام کا بنیادی مقصد پولیس کو ڈی این اے، فنگر پرنٹس اور دیگر سائنسی شواہد کے فوری اور مؤثر تجزیے کی سہولت فراہم کرنا ہے، جس سے جرائم کی تحقیقات میں تیزی آئے گی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید فرانزک سہولیات کی دستیابی سے نہ صرف تفتیشی معیار بہتر ہوگا بلکہ بے گناہ افراد کو انصاف کی بروقت فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لیب کی تعمیر مقررہ وقت میں مکمل کی جائے تاکہ ضلع کے عوام اس سہولت سے جلد مستفید ہو سکیں۔
یہ منصوبہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید فرانزک سہولیات کی دستیابی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

