کمالیہ: ولادتِ حضرت علی رضی اللہ عنہ 13 رجب کے موقع پر کمالیہ میں نکالے جانے والے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے جلوس کے روٹس، سیکیورٹی پوائنٹس اور انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کمالیہ اور امن کمیٹی کے ممبران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے جلوس کے داخلی و خارجی راستوں، مختلف چیک پوسٹس اور حساس مقامات پر کیے گئے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کی مؤثر نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی الرٹ رکھی گئی ہے۔ جلوس کی مسلسل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور مذہبی ہم آہنگی و بھائی چارہ ہمارے معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے اس موقع پر بتایا کہ جلوس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں اور سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔
