گوجرہ : موٹر سائیکل کے حادثے میں دوپٹہ چین میں پھنس جانے کے باعث 37 سالہ شادی شدہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ افسوسناک واقعہ مونگی بنگلہ، گوجرہ روڈ پر پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون موٹر سائیکل پر سوار تھیں کہ اچانک ان کا دوپٹہ موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
جاں بحق ہونے والی خاتون کا تعلق چک 179 گ ب نئی آبادی سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید رنج و غم پایا جاتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ شہریوں کو موٹر سائیکل سواری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
