گوجرہ کی آبادی 2 لاکھ سے تجاوز، میونسپل کارپوریشن بنانے کی سفارش

 

Proposal to make Gojra a municipal corporation, new delimitations for local body elections in Toba Tek Singh

گوجرہ کو میونسپل کارپوریشن بنانے کی تجویز، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حد بندیاں


ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں نئی حد بندیاں شروع کر دی گئی ہیں، جن کے تحت ضلع کی مختلف تحصیلوں کا بلدیاتی اسٹرکچر تبدیل کرنے کی تجاویز سامنے آ گئی ہیں۔


ذرائع کے مطابق گوجرہ کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد گوجرہ ضلع کے بڑے شہری مراکز میں شامل ہو جائے گا۔ نئی حد بندیوں کے تحت میونسپل کارپوریشن گوجرہ کی مجموعی آبادی 2 لاکھ 25 ہزار 142 افراد پر مشتمل ہوگی، جو اس کی تیز رفتار آبادی میں اضافے اور شہری ترقی کو ظاہر کرتی ہے۔


اسی طرح رجانہ کو میونسپل کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی ہے، جہاں آبادی 46 ہزار 378 افراد بتائی گئی ہے، جبکہ پیر محل کی آبادی 94 ہزار 148 افراد پر مشتمل ہوگی اور وہ بدستور میونسپل کمیٹی کے طور پر کام کرتا رہے گا۔


بلدیاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حد بندیوں کا مقصد شہری علاقوں کو بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنا اور بلدیاتی نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ حتمی منظوری کے بعد بلدیاتی انتخابات انہی نئی حد بندیوں کی بنیاد پر کروائے جائیں گے۔


شہری حلقوں میں گوجرہ کو میونسپل کارپوریشن بنانے کی تجویز کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے شہر میں ترقیاتی منصوبوں، فنڈز اور بلدیاتی اختیارات میں اضافہ متوقع ہے۔

اشتہار