گوجرہ ؛وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق گوجرہ میں قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب زینب ہال، گورنمنٹ گرلز کالج گوجرہ میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے کی۔ تقریب میں سرکاری افسران، اساتذہ، طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور میڈیا کے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد قائدِ اعظم ڈے کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب کے دوران قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم خدمات، جدوجہد اور پاکستان کے قیام میں ان کے تاریخی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے کہا کہ قائدِ اعظمؒ کے افکار، اصول اور رہنمائی آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیانت، محنت اور قانون کی بالادستی وہ اقدار ہیں جن پر عمل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نوجوانوں کی کردار سازی اور مثبت تربیت کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ ایک مضبوط، باشعور اور ذمہ دار قوم تشکیل دی جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ شرکاء نے اس تقریب کو بامقصد قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائدِ اعظمؒ کے سنہری اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنایا جائے گا۔

