بازار بندش اور ٹیکسوں میں اضافہ، گوجرہ تاجر سراپا احتجاج

 

Gojra traders protest against market closure and tax hike

گوجرہ(پریس ریلیز)مرکزی انجمن تاجران تحصیل گوجرہ ایک خصوصی اجلاس زیر صدرات صدر مرکزی انجمن تاجران منصور احمد بھنگو منعقد ہوا۔جس میں مرکزی انجمن کے جملہ عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں تاجروں سے متعلق پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی گئی اور پنجاب حکومت کی تاجر کش پالیسیوں کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔شرکاء اجلاس کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ پنجاب حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے تاجروں کا معاشی استحصال کررہی ہے۔

بے جا ٹیکسوں اور ٹیکسوں میں ہوشربا اضافوں نے غریب تاجروں کا جینا محال کردیا ہے جس کے باعث لوگ دو وقت کی روٹی سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔اجلاس میں شہر کے مرکزی بازاروں کو سنگل لگا کر "نوگوایریاز" بنانے کے باعث درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے شرکاءاجلاس کا کہنا تھا کہ شہرکے مرکزی بازاروں(مین بازار، صرافہ بازار،)و دیگر ملحقہ بازاروں کو مرکزی تجارتی مراکز کی حیثیت حاصل ہے لیکن ان بازاروں کو سنگل لگاکر بند کرنے کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں محدود ہوچکی ہے جس وجہ تاجروں کو ناقابل تلافی معاشی نقصان کا سامنا ہے


 جبکہ صرافہ بازار اور مین بازار کے درمیانی جگہ پر ریڑھیاں لگانے والے غریب ریڑھی بان گزشتہ کئی ماہ سے بے روزگار ہیں جس وجہ ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں جوکہ ایک بڑے ظلم کے مترادف ہے۔شرکاء اجلاس کی گفتگو اور تجاویز کے بعد صدر مرکزی انجمن تاجران منصور احمد بھنگو نے تاجر نمائندوں کو یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل کو انتظامی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔


تاجر ٹیکس دے کر ملک چلاتے ہیں ان کا استحصال ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔ مقامی انتظامیہ سے ہر معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل کروانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مرکزی انجمن تاجران تحصیل گوجرہ کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کے ساتھ کھڑی ہے کسی تاجر کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا گیا میرے دروازے مخالفین سمیت ہر تاجر بھائی کے لیے 24گھنٹے خدمت کے لیے کھلے ہیں اور جب زندگی ہے تاجروں کے حقوق کی بھرپور جھنگ لڑوں گا۔


اجلاس میں سرپرست ملک سرور،چیئرمین حاجی اشرف ناز،وائس چیئرمین جاجی منیر،جنرل سیکرٹری ملک امجد ضیاء،جائنٹ سیکرٹری رانا عبید اللہ،سینئر نائب صدر میاں عثمان اشرف، نائب صدر عمران حفیظ صراف، نائب صدر شیخ افضل،نایب صدر بلال چیمہ،نائب صدر ملک حبیب، رابطہ سیکرٹری حاجی ریاض، پریس سیکرٹری ملک امجد اسلام امجد، فنانس سیکرٹری یاسر سندھو نے شرکت کی۔

اشتہار