گوجرہ: پولیس نے شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے ہیلمٹ اور لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایچ او فاروق خان نیازی کی ہدایت پر پولیس ٹیموں نے مختلف چوکوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ایس ایچ او فاروق خان نیازی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور بغیر ہیلمٹ سفر کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی شہریوں کی اپنی سکیورٹی کے لیے ضروری ہے، اس لئے بغیر لائسنس ڈرائیونگ یا ہیلمٹ کے بغیر سفر کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
مہم کے دوران پولیس نے متعدد موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چالان اور بعض کی موٹر سائیکلیں بند کر دی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی صرف جرمانے کے لیے نہیں بلکہ عوام کو حادثات سے بچانے اور ٹریفک کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ مہم آئندہ بھی سختی کے ساتھ جاری رہے گی۔
