گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی زیرصدارت ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ میں ہیلتھ کونسل کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات، صفائی کے مجموعی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اور فلاح حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے ادا کرنی چاہئیں۔
اجلاس میں شریک افسران نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ بھی پیش کی اور مستقبل میں بہتری کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

