گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی سربراہی میں آج مورخہ 25-11-19، بروز بدھ چک 313 ج ب میں غیر قانونی طور پر چلنے والے دواخانوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد بلال طاہر، ڈرگ انسپیکٹر اطہر فاروق وٹو اور ٹیم ممبران نے حصہ لیا۔
دورانِ انسپیکشن سنیاسی حکیم عتیق الرحمن اور سنیاسی حکیم آفتاب کے دواخانوں پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے مختلف دیسی نسخہ جات اور ادویات کے سیمپل حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے تاکہ ان کا باقاعدہ تجزیہ کیا جا سکے۔
انسپیکشن کے دوران حکیم عتیق الرحمن اپنی میٹرک سند اور دیگر ضروری کاغذات پیش کرنے میں ناکام رہے جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کا دواخانہ فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ دوسری جانب حکیم آفتاب کارروائی کے دوران موقع سے فرار ہوگیا، جس کی بنا پر اس کا دواخانہ بھی سیل کر دیا گیا۔
ڈاکٹر محمد بلال طاہر اور اطہر فاروق وٹو نے مشترکہ طور پر دواخانوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کی اور سنیاسی نسخہ جات کے استعمال کو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے مؤثر کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں کیسز کو مزید قانونی کاروائی کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب، لاہور بھجوا دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

