گوجرہ: جھنگ روڈ پر چک نمبر 430 ج ب کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں مدرسہ کے دو نوجوان طالبعلم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، احسان اللہ ولد وارث (عمر 18 سال) اور محسن رضا ولد نوازش علی (عمر 20 سال)، دونوں ساکنان چک نمبر 223 ج ب، موٹر سائیکل پر سوار ہو کر مدرسے کے لیے تیل لینے گورائیہ فیول اسٹیشن جا رہے تھے۔
راستے میں کسی نامعلوم کار یا ٹرک سے ٹکرانے کے باعث ان کی موٹر سائیکل کو شدید حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں نوجوانوں کے سر بری طرح کچلے گئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثے کے بعد قاری محمد شریف موقع پر پہنچے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے سے روک دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
پولیس کی جانب سے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ نامعلوم گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔