گوجرہ :اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محترمہ صدف اکبر نے سول ہسپتال گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر وسیم حیات اور دیگر محکمانہ ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، لیبارٹری، فارمیسی اور دیگر اہم شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہِ راست ملاقات کر کے علاج، ادویات کی فراہمی، اور عملے کے رویے سے متعلق سوالات کیے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا
محترمہ صدف اکبر نے صفائی ستھرائی، طبی آلات کی دستیابی، اور عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا اور ایم ایس کو ہدایت کی کہ تمام سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایم ایس ڈاکٹر وسیم حیات نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور عملہ ہمہ وقت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ادارہ مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔