گوجرہ، اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس پر چھاپہ، صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانے

 

Gojra, Assistant Commissioner Sadaf Akbar raids fast food restaurants, fines for poor sanitation arrangements


گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔


دورے کے دوران متعدد ریسٹورنٹس میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کی ذاتی صفائی کی کمی، اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ سٹینڈرڈز کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ ان خلاف ورزیوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے کئی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کو موقع پر ہی جرمانے کیے گئے جبکہ مالکان کو سخت وارننگز بھی جاری کی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "صارفین کو ناقص اور غیر معیاری کھانے کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے ریسٹورنٹس کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی جو فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کریں گے۔"


انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عوام کو صحت مند اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود عملے کو فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں سے متعلق ہدایات بھی فراہم کیں اور ضروری اقدامات کی فوری تکمیل کی ہدایت کی۔


اشتہار