آٹھ لاکھ آبادی کے لیے ایک بھی کارڈیالوجی یونٹ نہیں، شہریوں کی حکومت سے فوری اپیل
گوجرہ (رپورٹ: ملک امجد اسلام امجد )، امراض دل میں مبتلا شہری ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بغیر ہی مرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی آٹھ لاکھ سے زائد آبادی والی تحصیل گوجرہ کے واحد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں امراض دل میں مبتلا مریضوں کے لیے ایمرجنسی میں ابتدائی طبی امداد کی سہولیات میسر ہیں اور نہ ہی آؤٹ ڈور میں چیک اپ کے لیے کوئی ماہر ڈاکٹر دستیاب ہے۔ جس وجہ سے ایمرجنسی یا آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خاص طور پر ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ہسپتال میں روزانہ درجنوں دل کے مریض ایمرجنسی میں لائے جاتے ہیں جنہیں فوری انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بدقسمت مریضوں کو ہسپتال پہنچنے پر متعلقہ طبی امداد ملتی ہے اور نہ ہی ماہر ڈاکٹر کی خدمات۔
دل کے جملہ مریضوں کو فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی یا الائیڈ ہسپتال ریفر کردیا جاتا ہے جن میں سے متعدد مریض بروقت طبی امداد اور سہولیات نہ ملنے کے باعث قیمتی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب، وزیر صحت، سیکرٹری صحت سے اپیل کی ہے کہ گوجرہ کے شہریوں کو بھی انسان سمجھتے ہوئے مذکورہ فوری حل طلب مسئلہ پر توجہ دیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ٹی ایچ کیو ہسپتال میں تمام سہولیات سے آراستہ امراض دل کا ایمرجنسی یونٹ قائم کروایا جائے جہاں 24گھنٹے ماہر کنسلٹنٹ ڈاکٹر ڈیوٹی سر انجام دیں تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔