کمالیہ:
اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ، محترمہ اقرأ ناصر نے دریائے راوی کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ مقامی رہائشیوں سے ملاقات کی اور سیلابی صورتحال سے پیدا ہونے والے مسائل پر گفتگو کی۔
دورے کے دوران اقرأ ناصر نے متاثرہ افراد سے فصلوں، املاک اور دیگر جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے
اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے ریلیف کیمپوں، میڈیکل سہولیات اور نقل و حمل کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، سیلابی پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
