ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ خصوصی) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے میں ویٹرنری خدمات کو جدید اور موثر بنانے کے سلسلے میں ایک اور عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیرا ویٹرنری اسٹاف میں 74 موٹر بائیکس تقسیم کی گئیں تاکہ دیہی علاقوں میں کسانوں کو بروقت اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور جناب جنید انوار چیمہ تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے بھی خصوصی شرکت کی، جب کہ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک فیصل آباد، ایڈیشنل ڈائریکٹر حنا ظفر اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک حنا ظفر نے کہا کہ موٹر بائیکس کی فراہمی سے پیرا ویٹرنری عملے کی رسائی دیہی علاقوں تک بہتر ہوگی، جس کے نتیجے میں کسانوں کو بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی فلاح و بہبود ممکن ہوگی بلکہ دیہی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
وفاقی وزیر جنید انوار چیمہ نے کہا کہ "لائیو اسٹاک سیکٹر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔" انہوں نے مزید اعلان کیا کہ گوشت ایکسپورٹرز کیلئے پورٹ چارجز میں جلد رعایت دی جائے گی، جس سے ایکسپورٹ کی لاگت میں کمی اور بین الاقوامی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کی گوشت انڈسٹری عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنے گی، جس سے قومی معیشت مستحکم ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گوشت برآمد کرنے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر کسانوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسان دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کا حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔