گوجرہ: سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے 415 ج ب کا دورہ کیا جہاں چوہدری عادل شیر کی جانب سے بجلی منصوبے کے افتتاح اور یوم تشکر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاک فوج کی حمایت میں بڑے بڑے بینرز آویزاں کیے گئے جن پر "پاک فوج زندہ باد" کے نعرے درج تھے۔ چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے لاکھوں روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہونے والے بجلی کے منصوبے کا افتتاح اپنے دست مبارک سے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو پاکستان کی کامیابیوں پر مبارک باد پیش کی اور خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو نہ صرف ملکی دفاع بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے "پاک فوج پائندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے، اور افواج پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر چوہدری عادل شیر، صدر غلہ منڈی گوجرہ کی جانب سے پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پورے گاؤں کو کھانا پیش کیا گیا۔ تقریب کا ماحول جذبہ حب الوطنی اور یکجہتی کے رنگوں سے بھرپور رہا۔
