گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محترمہ صدف اکبر کی ہدایت پر آوارہ کتوں کو تلف کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے باقاعدہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس مہم کا مقصد عوام کو آوارہ کتوں کے حملوں سے محفوظ رکھنا اور شہر کو صاف ستھرا بنانا ہے۔
تاہم، گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 367 ج۔ب کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقے میں آوارہ کتوں کا راج ہے۔ خواتین اور بچوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو چکا ہے، کیونکہ ہر دوسری گلی اور سڑک پر کتوں کی بھرمار ہے۔ یہ آوارہ کتے نہ صرف شہریوں بلکہ سکول آنے جانے والے بچوں کے لیے بھی وبال جان بنے ہوئے ہیں۔
مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی کی اس مہم کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور نواحی دیہات خصوصاً چک نمبر 367 ج۔ب میں فوری طور پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں اور بچے بلا خوف و خطر سکول جا سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مہم مسلسل جاری رہے گی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر آوارہ کتوں کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
