گوجرہ: جامع مسجد قادریہ میں میت کے لیے جدید سرد خانہ، کولڈ باکس اور مفت رکشہ سروس کا آغاز
گوجرہ ، علاقے حسنیہ کالونی میں واقع جامع مسجد قادریہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے میت سے متعلق جدید اور منفرد سہولیات متعارف کرا کر ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جو شہر میں
اپنی نوعیت کے اعتبار سے منفرد سمجھے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسجد میں میت کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک جدید سرد خانہ (کولڈ روم) قائم کیا گیا ہے، جس میں بیک وقت پانچ میتیں رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ گھروں میں میت رکھنے کے لیے تین سفری کولڈ باکس بھی فراہم کیے گئے ہیں، جنہیں شہری ضرورت کے وقت حاصل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ استعمال کے بعد کولڈ باکس بروقت واپس کیے جائیں تاکہ دیگر افراد بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
مسجد کے ساتھ ہی میت کو غسل دینے کے لیے ایک خصوصی کمرہ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ انتظام اور جدید غسل ٹیبل دستیاب ہے۔ اس سہولت کے باعث غسل کا عمل آسان ہو گیا ہے، تاہم میت کو غسل دینے کی ذمہ داری ورثا پر ہی عائد ہوتی ہے۔ ضرورت مند افراد کے لیے کفن بھی بلا معاوضہ یا بطور امانت فراہم کیا جاتا ہے۔
نمازِ جنازہ کے لیے بھی مسجد میں ایک منفرد انتظام کیا گیا ہے۔ مسجد کی حدود سے باہر ایک مخصوص جگہ تعمیر کی گئی ہے جہاں کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے امام کے ساتھ نمازِ جنازہ ادا کر سکتے ہیں۔ اس اقدام کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، میت کو قبرستان تک پہنچانے کے لیے مسجد انتظامیہ کی جانب سے ایک رکشہ بھی فراہم کیا گیا ہے، جو بالکل مفت دستیاب ہے۔ تاہم یہ سہولت فی الحال قریبی علاقوں، بشمول شریف پورہ، جمیل پارک اور حسنیہ کالونی تک محدود ہے۔
جامع مسجد قادریہ میں تقریباً ڈیڑھ ہزار نمازیوں کی گنجائش موجود ہے اور یہاں ائیر کنڈیشنر اور ائیر کولر جیسی جدید سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ مسجد میں بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دینے کا انتظام بھی موجود ہے۔
شہری حلقوں نے مسجد انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی دیگر مساجد اور قبرستان انتظامیہ بھی اس ماڈل کو اپنائیں تاکہ دکھی انسانیت کی مزید بہتر انداز میں خدمت کی جا سکے۔
