گوجرہ: ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنر آفس گوجرہ میں ہاکی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تحصیل سپورٹس آفیسر گوجرہ ملک اصغر، سپروائزر ہاکی اسٹیڈیم اور رجسٹرڈ ہاکی کلبز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ہاکی اسٹیڈیم اور رجسٹرڈ کلبز کو درپیش مسائل، کلبز کے ٹائم ٹیبل، فیس کلیکشن اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے ہدایت کی کہ ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہاکی کو نہ صرف مردوں بلکہ خواتین میں بھی بھرپور انداز میں فروغ دیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔
اجلاس کے شرکاء نے ہاکی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مقامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
