ٹوبہ ٹیک سنگھ: تھانہ صدر کے علاقہ میں گوجرہ روڈ پر القمر فلور ملز کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دو رکشوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دونوں رکشوں میں سوار افراد سڑک پر گر گئے۔ اسی دوران ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے آنے والا ایک بے قابو ٹرالر سڑک پر گرے ہوئے افراد پر چڑھ گیا، جس کے باعث 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت محمد افضل ولد محمد رشید (قوم آرائیں، سکنہ 321 ج ب) اور ابرار ولد نصرت (قوم راجپوت، سکنہ 321 ج ب) کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں اکمل شہزاد، عثمان، وحید اور عثمان شامل ہیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ اخلاق اللہ تارڑ، ڈی ایس پی انویسٹیگیشن آصف علی شاہ، ایس ایچ او تھانہ صدر ٹوبہ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی ٹوبہ موقع پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں ڈی پی او نے ہسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
