گوجرہ : حکومت پنجاب کی جانب سے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صوبہ بھر کی طرح تحصیل گوجرہ میں بھی اینٹی لٹرنگ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد شہروں کو صاف ستھرا اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنانا ہے۔
اس سلسلے میں ستھرا پنجاب اتھارٹی اور علی اینڈ کورشید احمد کنسورشیم کی ٹیمیں تحصیل گوجرہ کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ شہری علاقوں، گلیوں، محلوں، بازاروں اور پارکوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گلیوں، محلوں، بازاروں اور پارکوں میں ہرگز کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں اور صفائی کے نظام کے ساتھ تعاون کریں۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں ایک ہزار روپے سے لے کر سات لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
مزید برآں کوڑا کرکٹ جلانے کو بھی سنگین جرم قرار دیا گیا ہے کیونکہ اس سے ماحول، انسانی صحت اور فضائی معیار شدید متاثر ہوتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ ہمیشہ ستھرا پنجاب کے مختص کردہ کوڑا دان میں ڈالیں تاکہ شہر کو صاف اور صحت مند رکھا جا سکے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے ہی گوجرہ کو صاف، سرسبز اور خوبصورت شہر بنایا جا سکتا ہے
