
گوجرہ : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے جناح پارک گوجرہ کا دورہ کیا اور پارک میں جاری تزئین و آرائش اور بہتری کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پارک میں موجود سرسبز گرین ایریاز، فلاور بیڈز، واکنگ ٹریک، آرائشی لائٹس اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اور گرینری کے ساتھ ساتھ شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کا کہنا تھا کہ پارکس کی بحالی اور خوبصورتی کے ذریعے شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کو معیاری انداز میں جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہری بہتر تفریحی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔