گوجرہ: افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ریلی میونسپل کمیٹی گوجرہ سے شروع ہو کر چوک ملکاں والا تک نکالی گئی۔
ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر، تحصیل انتظامیہ، پولیس افسران، صدر انجمن تاجران گوجرہ چوہدری منصور احمد بھنگو، انجمن تاجران کے عہدیداران، تاجر برادری، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور افواجِ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یکجہتی ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی جس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
