گوجرہ ، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ کیا

 

Gojra, Commissioner Faisalabad Raja Jahangir Anwar reviews development projects in detail

گوجرہ: کمشنر فیصل آباد ڈویژن  راجہ جہانگیر انور  نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعمیر و مرمت مکمل ہونے والی اندرونی سڑک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کی سہولیات اور جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔


بعد ازاں کمشنر فیصل آباد نے جناح پارک گوجرہ  کی تزئین و آرائش اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہری سہولیات اور شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔


افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ ، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔


ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی زیر نگرانی جناح پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا جسے اہلیانِ گوجرہ کے لیے عید کا خوبصورت تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بحالی کے بعد پارک کو جدید اور دلکش تفریحی مقام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔


پارک میں سرسبز گرین ایریاز، خوبصورت لینڈ اسکیپنگ اور رنگ برنگے فلاور بیڈز تیار کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے جدید واکنگ ٹریک اور آرام دہ نشست گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پارک میں خوبصورت فوارے، آبشاریں اور ایک مصنوعی جھیل بھی تیار کی گئی ہے۔ جھیل میں بطخوں اور کشتیوں کی سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔


پارک میں دلکش پل، گیزبو اور خوبصورت باغیچے بھی بنائے گئے ہیں جبکہ بچوں کے لیے کھیل کے جھولے اور اوپن ایئر جم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ درختوں اور راستوں پر رنگ برنگی آرائشی لائٹس نصب کی گئی ہیں جس سے پارک رات کے وقت جگمگا اٹھتا ہے۔


کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ جناح پارک کی بحالی سے شہریوں کو معیاری اور خوبصورت تفریحی ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارکس کی بحالی اور سرسبز ماحول کا فروغ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے اس منصوبے کی تکمیل میں بہترین کام کیا ہے۔

اشتہار