ٹوبہ ٹیک سنگھ، بیوٹیفکیشن منصوبوں کی کھدائی سے بازار متاثر

 

Toba Tek Singh, excavation of beautification projects affects Sadar Bazaar and Committee Bazaar

ٹوبہ ٹیک سنگھ: شہر کے مرکزی تجارتی مراکز صدر بازار اور کمیٹی بازار میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کے باعث ہونے والی کھدائی اور ٹوٹ پھوٹ نے تاجروں اور شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث عید سے قبل کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔


رمضان المبارک کے آخری ایام میں جہاں عید کی خریداری کے باعث بازاروں میں رش اور کاروبار میں اضافہ ہونا چاہیے تھا، وہاں جاری ترقیاتی کاموں، مٹی کے ڈھیروں اور ادھوری کھدائی کے باعث بازار کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ گاہکوں کو بازاروں میں آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دکاندار بھی کاروبار متاثر ہونے کی شکایت کر رہے ہیں۔


تاجروں کے مطابق ٹھیکیدار کی جانب سے کام بروقت مکمل نہ کیے جانے کے باعث بازاروں کی سڑکیں اور راستے کھدائی کے بعد ادھورے چھوڑ دیے گئے ہیں۔ اس صورتحال کی وجہ سے نہ صرف گاہکوں کی آمد کم ہو گئی ہے بلکہ دکانداروں کے لیے بھی کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔


تاجروں نے مزید شکایت کی کہ شہر میں بجلی کی طویل بندش نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بازاروں میں اندھیرا چھا جاتا ہے جبکہ گرد و غبار اور مٹی کے ڈھیر شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہے ہیں۔


شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آخری دنوں میں جب خریداری عروج پر ہوتی ہے، اس وقت بازاروں کی موجودہ حالت شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال انتظامیہ کی شہری مسائل سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


تاجروں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کروایا جائے، راستوں کو قابلِ استعمال بنایا جائے اور صفائی کے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری اور تاجر عید کی خریداری کے دنوں میں کسی قدر سہولت محسوس کر سکیں۔

اشتہار