گوجرہ : ممبر قومی اسمبلی اُسامہ حمزہ نے پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ہونے والی جنگی کارروائیوں پر پاکستانی حکومت کی خاموشی اور ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ایران پر ہونے والی جارحیت کے معاملے پر حکومت کی خاموشی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس معاملے پر واضح اور مؤثر مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور مظلوم ممالک کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔
اُسامہ حمزہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو بھی عوام پر مزید بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر چکی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کے مؤقف کو واضح طور پر سامنے لایا جائے۔
ان کے خطاب کے دوران ایوان میں مختلف اراکین نے بھی ملکی و بین الاقوامی معاملات پر اظہار خیال کیا جبکہ عوامی مسائل کے حل پر زور دیا گیا۔
