گوجرہ ، اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی امن و امان سے متعلق اہم اجلاس

 

Gojra, important meeting on law and order, expressed determination to maintain complete peace

گوجرہ: موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


اجلاس میں انجمن تاجران گوجرہ، امن کمیٹی گوجرہ کے اراکین، علمائے اکرام اور پولیس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے نمائندہ ڈی ایس پی گوجرہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے ملک میں جاری حالات کے تناظر میں شہر کی سیکیورٹی اور امن عامہ کے معاملات پر باہمی مشاورت کی۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد، برداشت اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تاجروں، علماء اکرام اور امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ عوام میں آگاہی پیدا کریں اور اگر کوئی شخص کسی قسم کی مشکوک سرگرمی یا چیز دیکھے تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دے۔


اس موقع پر ڈی ایس پی گوجرہ نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے شہر میں امن قائم رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرہ میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

اشتہار