گوجرہ: شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس کی جانب سے میگا آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیرا فورس نے مختلف علاقوں میں مارچ اور وزٹس کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔
پیرا فورس کے اہلکاروں نے ڈجکوٹ روڈ، مرکزی بازاروں اور دیگر اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے اقدامات کیے۔ آپریشن کے دوران متعدد تجاوزات کو ختم کیا گیا جبکہ دکانداروں اور شہریوں کو سخت ہدایات جاری کی گئیں کہ آئندہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر یا تجاوز سے گریز کریں۔
پیرا فورس حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لیے یہ آپریشن بلا امتیاز جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کو صاف، منظم اور عوام کے لیے محفوظ بنانے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
شہری حلقوں نے پیرا فورس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور گوجرہ شہر تجاوزات سے پاک ہو سکے گا۔
