ٹوبہ ٹیک سنگھ: کمالیہ روڈ (رجانہ روڈ) پر مل موڑ کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے نے ایک پورے خاندان کو متاثر کر دیا، جبکہ علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب فیصل آباد جانے والی چیمہ بس تیز رفتاری سے گنے سے لدی ٹرالیوں کو اوورٹیک کر رہی تھی۔ اسی دوران بس سامنے سے آنے والی ایک کار سے ٹکرا گئی، جبکہ ایک موٹرسائیکل سوار بھی تصادم کی زد میں آ گیا۔
حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر سات افراد متاثر ہوئے، جن میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ پانچ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ریسکیو 1122 کی چار ایمبولینسز اور دیگر ریسکیو وہیکلز کے ذریعے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد کمالیہ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ شہریوں نے کمالیہ روڈ کو "خونی روڈ" قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے فوری حفاظتی اقدامات اور تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
