گوجرہ : گزشتہ روز تھانہ سٹی گوجرہ کی حدود میں معمولی جھگڑے پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی آصف شاہ اور ایس ایچ او فاروق احمد خان کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں چند ہی گھنٹوں میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے اس فوری اور مؤثر ردعمل کو مقامی آبادی نے سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اہلیان علاقہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کاروائی نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ اس سے علاقے میں جرائم کے خلاف ایک مثبت پیغام گیا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس آئندہ بھی اسی طرح مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔
