ٹوبہ ٹیک سنگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈاکٹر محمد کاشف ندیم نے ایک قابل تقلید اقدام کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو ایچ پی وی (HPV) ویکسین لگوا کر عوام کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ یہ ویکسین نہ صرف مکمل طور پر محفوظ ہے بلکہ بچیوں کو ایک مہلک بیماری، سرویکل کینسر، سے بچانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
ڈاکٹر کاشف ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین سرویکل کینسر کا شکار ہو جاتی ہیں، جس کی بڑی وجہ بروقت آگاہی اور ویکسینیشن کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین دنیا بھر میں ایک تسلیم شدہ ویکسین ہے جو اس جان لیوا مرض سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ، اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ آنے والی نسلیں اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔
"ہمیں اپنی بچیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، اور ایچ پی وی ویکسینیشن اس سمت میں ایک اہم قدم ہے،" ڈاکٹر ندیم نے زور دیتے ہوئے کہا۔
