گوجرہ ، الیکٹرک بس سروس کے مزید سٹاپس کا مطالبہ، سیکرٹری بار محمد اکرم ملک ایڈووکیٹ کی ڈپٹی کمشنر سے اپیل

 

Gojra, Demand for more stops of electric bus service, Secretary Bar Muhammad Akram Malik Advocate appeals to Deputy Commissioner

گوجرہ:بار ایسوسی ایشن گوجرہ کے سیکرٹری محمد اکرم ملک ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی الیکٹرک بس سروس کے حوالے سے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے اہم مطالبات کر دیے ہیں۔


اپنے جاری کردہ بیان میں محمد اکرم ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ گورنمنٹ آئی کم جنرل ہسپتال (تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال) گوجرہ پر الیکٹرک بس کا سٹاپ قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہسپتال پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مناسب پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو اضافی اخراجات اور پریشانی برداشت کرنا پڑتی ہے۔


سیکرٹری بار نے مزید مطالبہ کیا کہ گوجرہ کی ایک بڑی آبادی کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جھنگ روڈ بیس لائن اور دھمہ بنگلہ کے مقامات پر بھی الیکٹرک بس سروس کے سٹاپس کی فوری منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں بس سٹاپس قائم ہونے سے نہ صرف طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ عوام کو رکشہ مافیا کے من مانے اور بھاری کرایوں سے بھی نجات حاصل ہو سکے گی۔


محمد اکرم ملک ایڈووکیٹ نے امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تجاویز پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کریں گے تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس فلاحی منصوبے کے ثمرات حقیقی معنوں میں گوجرہ کے عوام تک پہنچ سکیں۔

اشتہار